نزول حضرت عیسی ٰ علیہ السلام کے بارے میں قرآن واحادیث سے مختصر تعارف حضور خاتم النبیین سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کے عہد سے لے کر آج تک تمام روئے زمین کے مسلمانوں کا یہ عقیدہ چلا آیا ہے کہ عیسٰی ابن مریم علیہ السلام جو بنی اسرائیل میں حضرت مریم کے بطن سے بغیر باپ کے، اللہ کے حکم پر نفخۂ جبرئیل سے پیدا ہوئے اور پھر بنی اسرائیل کی طرف رسول بنا کر بھیجے گئے، اور یہود یوں نے جب ان کو قتل کرنا چاہا تو اللہ تعالی کے حکم سے فرشتے ان کو زندہ آسمانوں پر لے گئے ،وہ آسمانوں پر زندہ ہیں، اور جب قیامت کے قریب دجال ظاہر ہوگا اس وقت یہی عیسٰی علیہ السلام جوحضرت مریم (علیہا السلام )کے بیٹے ہیں آسمان سے نازل ہوں گے ۔اور دجال جو اس وقت یہود کا لیڈر اور سردار ہوگا اس کو قتل کریں گے ۔ حضرت عیسی کی خرق عادت پیدائش، آسمانوں پر زندہ اٹھایا جانا، اور قرب قیامت نازل ہونا سب ان کے امتیازات ہیں جو اللہ تعالی نے انہیں عطا فرمائےہیں، اور یہ سب اللہ کی قدرت سے ہے۔